ہملٹن: پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، کیویز کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہملٹن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، شاداب خان کے مطابق دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی کپتان نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بولنگ اچھی ہے، ہدف کے دفاع کی کوشش کریں گے۔
Pakistan win the toss and elect to bat first!#NZvPAK | #HarHaalMainCricket | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/IE4YyxCYtx
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 20, 2020
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عدم شرکت کرنے والے کین ولیمسن نے آج کیویز ٹیم کی کمان سنبھالی ہے، ولیمسن بیٹی کی ولادت کی وجہ سے پہلا ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل سکےتھے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں اس کے علاوہ مزید دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سیریز بچانے کا چیلنج درپیش ہے، پہلے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 153 رنز بنائے تھے، میزبان ٹیم نے 154 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان شاہینز نے چار روزہ میچ جیت لیا
کیویز کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے میڈیم پیسر ڈفی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی، انہیں شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ٹی 20 سیریز میں حصہ نہیں لے رہے ان کی عدم موجودگی میں کپتانی کے فرائض لیگ اسپنر شاداب خان انجام دے رہے ہیں۔