منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

حفیظ کی محنت رائیگاں، دوسرا ٹی ٹوئنٹی اور سیریز نیوزی لینڈ کے نام

اشتہار

حیرت انگیز

ہملٹن: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نو وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے محمد حفیٖظ کی کیریئر بیسٹ 99 رنز کی مدد سے کیویز کو 164 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں کیویز نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، پاکستان کی جانب سے مایوس کن بیٹنگ کے بعد بولنگ بھی متاثر کن نہ رہی، کیویز بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے خلاف کھل کر اسٹروک کھیلے۔

- Advertisement -

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹیم سیفرٹ نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، کیوی کپتان ولیمسن نے بھی 57رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد آؤٹ ہونے والے   کھلاڑی مارٹن گپٹل تھے، جنہوں نے 21 رنز بنائے،سائفرٹ اورولیمسن کےدرمیان دوسری وکٹ کیلئے129رنزکی شراکت ہوئی۔نیوزی لینڈ نے164رنزکاہدف آخری اوورمیں حاصل کیا، پاکستانی فیلڈرز نے بھی کئی چانس ضائع کئے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے ٹی ٹوئنٹی کی طرح آج بھی پاکستان کا ٹاپ آرڈر کیویز فاسٹ بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ محض 16 رنز پر گری، اوپنر حیدر علی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، 16 رنز پر ہی پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، جہاں پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بغیر کوئی رن بنائے عبداللہ شفیق آج بھی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی نیوزی لینڈ کےخلاف33رنزپرتیسری وکٹ گری، جب وکٹ کیپر بلے باز 22 رنزبناکر آؤٹ ہوئے، 56 رنز پر ٹی ٹوئنٹی کپتان شاداب خان بھی ہمت ہار بیٹھے اور 4 رنز بناکر چلتے بنے، 119 رنز کے مجموعے پر خوشدل شاہ 14 رنز بناکر لوٹے، 133 رنز پر پاکستان کو چھٹا نقصان اٹھانا پڑا جب پہلی ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ بلے بازی کرنے والے آل راؤنڈر فہیم اشرف صرف 4 رنز کر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم وکٹ کے دوسرے اینڈ پر موجود تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے کیوی بولرز کا بھرپور مقابلہ کیا، اور میدان کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے، آل راؤنڈر نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 57 گیندوں پر99رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی، حفیظ کی اننگز میں دس چوکے اور 5 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے4، سودھی اور نیشم نے 1،1وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ حفیظ نےکمال کی اننگز کھیلی، میں بطور کپتان اور کھلاڑی شکست کی ذمہ داری لیتاہوں، اگلے میچ میں بہتری لانےکی کوشش کریں گے۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں میں تکنیک کا کوئی ایشونہیں، میرے خیال میں کنڈیشنز مختلف ہیں، آج حفیظ نےکمال کی اننگز کھیلی۔

 

Comments

اہم ترین

مزید خبریں