نئی دہلی : پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بھارتی ہندو یاتریوں کو شادانی دربار اور کٹاس راج مندر کی یاترا کیلئے ویزے جاری کیے گئے۔
اس حوالے سے بھارتی داارلحکومت نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی ہندو یاتریوں کو سکھر میں شادانی دربار کی یاترا کیلئے ویزے جاری کیے گئے۔
اس کے علاوہ کٹاس راج مندر کی یاترا کیلئے بھی ویزے جاری ہوئے، پاکستانی ہائی کمیشن نے دسمبر میں یاتریوں کے دو گروپوں کو ویزے جاری کیے تھے۔
مذکورہ ویزے بھارتی ہندو یاتریوں کو ان کے مقدس اور مذہبی مقامات پر حاضری کیلئے جاری کیے گئے،جبکہ گزشتہ روز47 بھارتی ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے۔
ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی کا کہنا ہے کہ بھارتی یاتری23سے29دسمبر تک قلعہ کٹاس کا دورہ کریں گے، کٹاس راج مندر یاتریوں کیلئے ایک مقدس تالاب کے گرد قائم ہے۔
ترجمان کے مطابق44بھارتی ہندو یاتریوں کا ایک دوسرا گروپ گذشتہ روز وطن واپس لوٹا ہے، یاتریوں کے اس گروپ نے 15سے21 دسمبر سکھر کے شادانی دربار میں مذہبی تقریبات میں شرکت کی۔
پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق شادانی دربار دنیا بھر کے ہندوؤں کیلئے ایک مقدس مقام ہے، اس مندر کو سنت شادا رام نے1786میں دریافت کیا تھا، سنت شادا رام صاحب1708میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے، بھارتی یاتری ہر برس متعدد مذہبی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔