مسقط: سلطنت عمان میں چند مریضوں میں نئے کرونا وائرس کا شبہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمان میں 4 مریضوں میں نئے کرونا وائرس کا شبہ کیا جا رہا ہے، سلطنت کے صحت حکام کا کہنا ہے کہ 4 ایسے مریضوں کا انکشاف ہوا ہے جنھیں نئے کرونا وائرس لاحق ہونے کا شبہ ہے۔
عمان کے وزیر صحت احمد بن محمد السعیدی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ شہری برطانیہ سے آئے ہیں، کو وِڈ 19 کے شبہے کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مریضوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم طبی ٹیم کو شبہ ہے کہ انھیں نیا کرونا وائرس لاحق ہے، اس لیے ٹیسٹ رپورٹ آنے تک انھیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، مذکورہ مریضوں کا علاج عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
احمد بن محمد السعیدی نے بتایا کہ سلطنت میں کرونا کے حوالے سے معاملات اب قابو میں ہیں، تاہم حکومت نے احتیاطی تدابیر کے طور پر سرحدیں بند کی ہیں۔
لاک ڈاؤن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت اس کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے، ملک میں پھر سے لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جا رہا۔
واضح رہے کہ نئے تبدیل شدہ کرونا وائرس سے متعلق کوئی اشارے ابھی سامنے نہیں آئے، اس لیے یہ زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔