پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد وطن واپس آجائیں گے۔
وقار یونس نے ٹیم منیجمنٹ سے درخواست کی تھی انہیں فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے قبل از وقت وطن واپس بھیجا جائے۔
درخواست میں بولنگ کوچ نے لکھا کہ انہوں نے جون سے اپنی فیملی کے ساتھ وقت نہیں گزارا اور ان کی فیملی 17 جنوری کو واپس سڈنی روانہ ہو جائے گی جس کی وجہ سے وہ زیادہ وقت اہلِ خانہ کے ساتھ نہیں گزار سکیں گے۔
ٹیم انتظامیہ نے وقار یونس کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں وطن واپس آنے کی اجازت دے دی۔ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد وطن لوٹ جائیں گے اور جنوبی افریقا کے خلاف 26 جنوری سے کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہفتے سے ہوگا، پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر اور دوسرا 3 سے 7 جنوری 2021 کو کھیلا جائے گا۔