اشتہار

نایاپ پرندوں کی بقاء و سلامتی، رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس بند کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

آکلینڈ: نیوزی لینڈ کی مقامی حکومت نے نایاب پرندوں کی حفاظت اور انہیں الجھن سے بچانے کے لیے شاہراہوں پر نصب اسٹریٹ لائٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے گاؤں پناکائیکی کی مقامی حکومت نے نایاب نسل کے مہمان پرندوں کی بقاء کے لیے سڑکوں پر لگی لائٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

مقامی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ اسٹریٹ لائٹس کی وجہ سے جنوبی امریکا سے سردیوں میں آنے والے پرندے تذبذب کا شکار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کی اموات ہوتی ہیں۔

- Advertisement -

رپورٹ کے مطابق پیٹریلز نامی سیاہ پرندے رات کے وقت اسٹریٹ لائٹس کی وجہ سے دھوکا کھاتے ہیں اور زمین سے ٹکرا کر زخمی ہوتے یا پھر مر جاتے ہیں۔

نومبر سے اب تک سیکڑوں نایاب پرندے شاہراہوں سے مردہ حالت میں پائے گئے جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے حکومت سے سفارش کی کہ وہ شاہراہوں پر لگی لائٹس کو بند کردے۔

ماہرین کے مطابق یہ پرندے بیولومائین اسینٹ نامی مچھلی کھاتے ہیں جو سطح آب پر آکر روشن ہوتی ہے، رات کے وقت یہ پرندے سمندر پر اڑتے ہیں اور جیسے ہی مچھلی اوپر آتی ہے اُسے اپنی خوراک بنالیتے ہیں۔

وائلڈ لائف کے حکام نے بتایا کہ یہ پرندے اسٹریٹ لائٹس کو اپنا شکار سمجھ کر اُس کی طرف لپکتے ہیں جس کی وجہ سے وہ کھمبوں سے ٹکرا کر زخمی ہوتے اور پھر گاڑیوں کے نیچے آجاتے ہیں۔

پرندوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال یہاں نیلی اور سفید ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں جس کے بعد سے صورتحال زیادہ سنگین ہو گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسٹریٹ لائٹس بند کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحفظات اور سفارش پر حکومت نے ہر تین کلومیٹر بعد دو اسٹریٹ لائٹس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انسانوں‌ کے ساتھ پرندوں کی زندگی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں