گوجرانوالہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم بند گلی میں داخل ہو گئی ہے، کرونا وائرس کے ساتھ سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا۔
گوجرانوالہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا 11جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے کئی جلسے کیے لیکن ان کے ایک جلسے میں بھی اسلامی تعلیمات کا مطالبہ نہیں ہوا۔
سراج الحق کا کہنا تھا مجھ سے پوچھتے ہیں کہ پی ڈی ایم میں شرکت کیو ں نہیں کی، ہم اس سیاسی بریانی کاحصہ نہیں بن سکتے جس کا کوئی منشور اور لیڈر نہیں، اس ملک میں نظام مصطفیٰﷺ ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا پی پی کی تو سندھ میں حکومت ہے لیکن وہاں غریب آدمی سسکتا ہے، تو یہ لاہور اور دیگر علاقوں کا کیا حال کریں گے، کرونا وائرس بھی ختم ہوگا اور سیاسی وائرس بھی ختم ہوگا، یہ ساری پارٹیاں بندگلی میں داخل ہوگئی ہیں۔
سراج الحق نے کہا آج قائد اعظم کے احسان مند ہونے کا دن ہے، پوری قوم آج شرمندہ ہے، ان غلاموں نے پاکستان کے نظریے کے ساتھ غداری کی، ہم اپنا آخری خون کا قطرہ دے کر حقیقی پاکستان بنائیں گے، محمدعلی جناح نے اسلامیہ کالج پشاور میں خطاب میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان زمین کا ٹکڑا نہیں بلکہ اسلام گاہ ہوگا۔