جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

ناقابل یقین واقعہ، سیلابی پانی میں ڈوبی کار سے جوڑا زندہ برآمد (ویڈیو)

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانیہ کے ایک شہر میں سیلابی پانی میں ڈوبی کار سے ایک معمر جوڑے کو زندہ نکال لیا گیا، اس واقعے کو کرسمس کا معجزہ قرار دیا جا رہا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ناروِچ شہر کے قریب ایک علاقے میں سیلابی پانی میں ایک کار دو گھنٹے تک ڈوبی رہی، ریسکیو ٹیم نے دو گھنٹے بعد اس کے اندر سے جوڑے کو زندہ نکال لیا، ریسکیو آپریشن دیکھنے والے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ایک ناقابل یقین واقعہ ہے۔

یہ واقعہ ایک دن قبل پیش آیا تھا، جب ایک کار انتہائی ٹھنڈے سیلابی پانی میں دو گھنٹوں تک ڈوبی رہی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو عملہ کار کا شیشہ توڑ رہے ہیں جو کہ 6 فٹ پانی میں بہ مشکل ہی نظر آ رہا تھا، بعد ازاں عملے نے کار میں سے ایک خاتون اور ایک مرد کو نکالا جو زندہ تھے۔

- Advertisement -

بتایا جا رہا ہے کہ زندہ نکالے گئے جوڑے میں سے ایک کی عمر 70 کے قریب تھی۔

برطانیہ کے نارفوک کاؤنٹی میں تقریباً 2 انچ بارش ہوئی تھی، جس سے ملک کے جنوب میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی تھی، جب کہ گزشتہ رات نارتھمپٹن میں ایک پارک میں پھنسے ہوئے ایک ہزار لوگوں کو نکالا گیا تھا۔

لوگوں کا خیال تھا کہ کار خالی ہوگی تاہم جب اس میں سے جوڑا برآمد ہوا تو انھیں حیرت ہوئی، جوڑے کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

لوگوں کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں بارشوں کے بعد ایسی صورت حال معمول کی بات ہے، اور عام طور پر کار پھنسنے کی صورت حال میں لوگ پانی اونچا ہونے سے قبل بہ آسانی باہر نکل آتے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں