ریاض: خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس کے لیے شاہ سلمان کی جانب سے رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے گلف کو آپریشن کونسل کے رہنماؤں کو تنظیم کے 41 ویں سربراہی اجلاس کے لیے باضابطہ طور پر مدعو کر لیا۔
یہ اجلاس آئندہ برس 5 جنوری کو ریاض میں منعقد ہوگا، عرب نیوز کے مطابق یہ دعوت نامے خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الفالح الحجراف نے ارسال کیے ہیں۔
سب سے پہلے جن رہنماؤں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ان میں یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان، دبئی کے حکمران اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم شامل تھے۔
ڈاکٹر الحجراف کا کہنا تھا کہ غیر معمولی حالات میں خلیجی رہنماؤں کی جانب سے یہ اجلاس بلایا جانا رکن ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون اور خلیجی عوام کے لیے فرائض کی ادائیگی پر یقین کا ثبوت ہے۔
انھوں نے کہا جی سی سی اپنے قیام کی پانچویں دہائی میں داخل ہو رہی ہے، عالمگیر وبا کے پس منظر میں رکن ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون کا مشن آج تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔