جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

معروف شاعر فرید جاوید کی برسی

اشتہار

حیرت انگیز

گفتگو کسی سے ہو تیرا دھیان رہتا ہے
ٹوٹ ٹوٹ جاتا ہے سلسلہ تکلم کا

اس شعر کے خالق فرید جاوید ہیں جن کی آج برسی ہے۔ 27 دسمبر 1977ء کو کراچی میں وفات پانے والے اس شاعر کا تعلق سہارن پور سے تھا۔ وہ 18 اپریل 1927ء کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام فرید الدین اور تخلص جاوید تھا۔

قیامِ پاکستان کے بعد فرید جاوید کے خاندان نے ہجرت کی اور کراچی میں آ بسے۔ یہاں‌ فرید الدین جاوید نے ایم اے کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ مالی مسائل کا شکار رہے۔ صحّت اچھی نہ تھی اور اسی دوڑ دھوپ اور تفکر کے ساتھ ایک روز تہِ خاک ابدی نیند سوگئے۔

- Advertisement -

فرید جاوید زمانہ طالب علمی سے شعروسخن کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ ان کا مندرجہ بالا شعر زباں زدِ عام ہوا۔ فرید جاوید کے انتقال کے بعد ان کا شعری مجموعہ’’سلسلہ تکلم کا‘‘ شایع ہوا۔ فرید جاوید کی ایک غزل پیشِ خدمت ہے۔

تلخ گزرے کہ شادماں گزرے
زندگی ہو تو کیوں گراں گزرے

تھا جہاں مدتوں سے سناٹا
ہم وہاں سے بھی نغمہ خواں گزرے

مرحلے سخت تھے مگر ہم لوگ
صورتِ موجۂ رواں گزرے

میرے ہی دل کی دھڑکنیں ہوں گی
تم مرے پاس سے کہاں گزرے

کیوں نہ ڈھل جائے میرے نغموں میں
کیوں ترا حسن رائیگاں گزرے

چند لمحے خیال و خواب سہی
چند لمحے انیس جاں گزرے

کتنے خاموش حادثے جاویدؔ
دل ہی دل میں نہاں نہاں گزرے

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں