جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

عمان ایئر اور قطر ایئر ویز میں معاہدہ، مسافروں کے لیے خوشخبری

اشتہار

حیرت انگیز

مسقط: عمان ایئر اور قطر ایئر ویز نے آپس میں معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو مزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان ایئر اور قطر ائیر ویز دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز کے مابین مزید تعاون کے اسٹریٹجک منصوبے کے تحت کوڈ شیئر بڑھائے جائیں گے۔

سنہ 2000 میں یہ دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز شراکت دار تھیں۔ اس معاہدے سے عمان ایئر کے مسافروں کو قطر ایئر ویز کے 65 روٹس پر سفر کرنے کے لیے مزید سہولتیں حاصل ہو جائیں گی، ان روٹس میں افریقہ، امریکا، ایشیا، بحر الکاہل، یورپ، ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے بعض روٹس شامل ہیں۔

- Advertisement -

قطر ایئر ویز کے مسافر عمان ایئر کے نیٹ ورک کے ذریعہ افریقہ اور ایشیا میں 6 نئی منزلوں تک رسائی حاصل کریں گے۔

دونوں ایئر لائنز کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز اپنی اس شراکت کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد مشترکہ تجارتی اور آپریشنل اقدامات بھی جاری کریں گی۔

عمان ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینیئرعبد العزیز الرئیسی نے کہا ہے کہ ہمارے کوڈ شیئر معاہدے کی توسیع محض ابتدائی اقدام ہے اور ہم قطر ایئر ویز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کر سکیں۔

اس کے بعد عمان ایئر پوری دنیا میں اپنے مسافروں کے لیے کاروبار اور تفریحی سفر کے پروگراموں کو بڑھا سکے گا۔

دوسری جانب قطر ایئر ویز کے گروپ چیف ایگزیکٹو اکبر البکیر نے کہا ہے کہ سنہ 2000 سےے دونوں ایئر لائنز نے تجارتی تعاون سے ہونے والے فوائد کو دیکھا، اس سے ہمارے مسافروں کو بے مثال خدمات مہیا کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معزز مسافروں کو اور بھی زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عمان ایئر کے ساتھ اپنے تجارتی تعاون کو مزید تقویت دینے کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ عمان ایئر نے سنہ 1993 سے فلائٹ سروس شروع کی تھی اور قطر ایئر ویز کی بھی اسی سال بنیاد رکھی گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں