اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف مقدمہ اچھی تیاری کے ساتھ لاہور میں درج ہوگا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے اہم ملاقات کے بعد پی ڈی ایم اور سیاسی معاملات پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا فوج کے خلاف بد زبانی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا مفتی کفایت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، مقدمہ لاہور میں ہوگا، اچھی تیاری کے ساتھ، فوج کے خلاف باتیں کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ آج حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتی کفایت اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، اس سلسلے میں سیکریٹری داخلہ کو احکامات دے دیے گئے ہیں، کارروائی فوج مخالف بیانات پر ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا آج مولانا فضل الرحمان کے لیے صف ماتم بچھی ہے، اگر پی پی سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی تو ن لیگ بھی ضرور حصہ لے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا نہ نو من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی، نواز شریف واپس آئے گا نہ ہی پیپلز پارٹی استعفے دے گی، اب عمران خان نہیں بلکہ یہ سب گھر جائیں گے۔
جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ گرفتار
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے فیصلے کے بعد ن لیگ کو بھی الیکشن میں جانا ہوگا، پی ڈی ایم کے استعفوں کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے، زرداری مفاد اور ذات کے لیے پتے کھیلتا ہے، لیکن عمران خان نے بہتر کھیلا ہے، نئے سال میں عمران خان کا ڈنکا بجےگا، عمران خان چھا جائے گا۔
شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر سے متعلق ایک سوال پر کہا شہباز شریف کے معاملے کا مجھے نہیں پتا، یہ ن لیگ کا مسئلہ ہے، پی ڈی ایم تنزلی کا شکار ہے، پی ڈی ایم والے گھر جائیں گے اب۔
قبل ازیں، آج شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی، ذرایع کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال اور امن و امان پر تبادلہ خیال ہوا۔