جینیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا سال نو کی آمد کا پیغام تاریخ میں پہلی بار اردو زبان میں نشر کیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے 6 زبانوں (انگریزی، عربی، چینی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی) کو سرکاری زبانیں قرار دیا گیا ہے اور ان میں ہی مختلف کارروائیاں و پیغامات جاری کیے جاتے ہیں۔
اب تک کی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ اقوامِ متحدہ کی جانب سے سیکریٹری جنرل کا بیان اردو ترجمے کے ساتھ بھی نشر کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریرس نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ عزیز دوستوں، 2020 آزمائشوں اور سختیوں کا سال رہا، کوویڈ نے ہماری زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا اس کی وجہ سے دنیا کو دکھ اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران بہت سی قیمتیں جانیں ضائع ہوئیں، یہ وبا ابھی پھیل رہی ہے، بیماری اور موت نئی نئی شکلوں میں سامنے آرہی ہے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’دنیا میں غربت، عدم مساوات اور بھوک بڑھ رہی ہے، ملازمتیں ختم ہورہی ہیں اور قرضے بڑھ رہے ہیں، بچوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہر طرف عدم تحفظ پایا جاتا ہے کیونکہ گھریلو تشدد بھی بڑھ رہا ہے‘۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ان ساری باتوں کے باوجود لوگ اپنے آس پاس اور حتیٰ کہ اجنبی لوگوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، ایسے میں اب نیا سال آرہا ہے، جس کے ساتھ ہمیں امید کی کرنیں بھی نظر آرہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اگلی صفوں میں کام کرنے والے (میڈیکل اسٹاف) تن من دھن کی بازی لگائے ہوئے ہیں جبکہ سائنس دان قلیل ترین مدت میں ویکسین تیار کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔
’ماحولیاتی تباہی سے بچاؤ کے لیے ممالک نئے عہد کررہے ہیں، اگر ہم مل کر اور یگانگت سے کام کریں تو امید کی یہ کرنیں پوری دنیا پر چھا سکتی ہیں، ہمارے لیے سال کا سب سے مشکل ترین سبق یہی ہے، ماحولیاتی تبدیلی اور کرونا کی وبا ایسے بحران ہیں جن سے صرف متحدہ ہوکر ہی نمٹا جاسکتا ہے تاکہ ایک پائیدار اور ہر ایک کی شرکت پر مبنی مستقبل کی طرف بڑھا جائے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’2021 میں اقوام متحدہ کا بنیادی عزم یہ ہے کہ دوہزار پچاس تک کاربن سے پاک گیسوں کے اخراج کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عالمی اتحاد قائم کیا جائے، اس معاملے میں ہر ملک، شہر، کاروباری ادارے اس مقصد میں اپنا کردار ادا کریں‘۔
سیکریٹری جنرل نے دعوت دی کہ ’آئیے مل کر عزم کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ اور ماحول کے ساتھ امن کا رشتہ قائم کریں، ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کریں، کرونا کے پھیلاؤ کو روکیں، 2021 کو تندرستی کا سال بنائیں تاکہ تباہ کن وائرس، ٹوٹ پھوٹ کا شکار معیشتوں اور معاشروں کی تندرستی، کرہ ارض کی تندرستی کے لیے کام کریں، ہمارا عزم یہی ہونا چاہیے‘۔
اپنے پیغام کے آخر میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریرس نے اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا بھر کے لوگوں کو نئے سال کی مبارک باد بھی پیش کی۔