اسلام آباد/لاہور/کراچی: دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی نئے سال2021کی آمد پر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے، پاکستان میں رات کے بارہ بجتے ہی شہریوں نے خوب ہلہ گلہ کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔
سال2020کا اختتام ہوگیا اور نیا سال2021پوری آب و تاب کے ساتھ دہلیز پر آن پہنچا ہے، قوموں کے لیے یہ دن گزشتہ سال کا جائزہ لینا ہی نہیں بلکہ نئے اہداف کے انتخاب اور ان کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کا موقع بھی ہوتا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی جانب سے اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی گئی، اےآر وائی نیوز نے نئے سال کی آمد کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس سال بھی سب سے پہلے اور معتبر خبروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سال نو کے موقع پر کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نئے سال کا جشن منانے کے لیے ساحل سمندر کا رخ کرلیا جبکہ سڑک پر ٹریفک کی آمدورفت روکنے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔
شہر قائد میں پولیس کے اقدامات کے باوجود ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، ڈالمیا، ملیر ، کلفٹن ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، صدر، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔
ادھر ملتان میں سال نو کا جشن منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد کینٹ بازار پہنچ گئی، پولیس ، ڈولفن فورس کی جانب سے شہریوں کو ہٹانے کی کوشش کی گئی، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے متعدد شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
سیاحوں کی بڑی تعداد نئے سال کی آمد مری پہنچ گئی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ دوران ڈرائیو نگ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں،ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
ملک کے دیگر شہروں اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب ، پشاور، سندھ، بلوچستان میں بھی نئے سال کی آمد کا جشن منایا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر پہنچ گئی اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔