کراچی : سال2021کے پہلے دن یکم جنوری کو شہری ہوابازی کے ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد ایئر پورٹ کو بڑا تحفہ دے دیا۔
اس حوالے سے ایئرپورٹ کے سیکنڈری رن وے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام فلائٹ سیفٹی چیکس کرنے کے بعد کمرشل فلائٹس کے لئے کھول دیا گیا۔
غیر ملکی ایرلائن کے طیارے نے سیکنڈری رن وے پر کامیاب لینڈنگ کی ہے۔ سول ایوی ایشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکنڈری رن وے بنانے کا مقصد مین رن وے اپ گریڈیشن اور اس دوران فیصل آباد سے فلائٹ آپریشن کو جاری رکھنا شامل ہے۔
مین رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے جس کا دورانیہ 18 ماہ پر محیط ہوگا اور کام مکمل ہونے کے بعد بوئنگ777 اور بڑے جہازوں کی لینڈنگ بھی یقینی ہوگی اور مزید غیر ملکی ایرلائنز فیصل آباد سے اپنا آپریشن شروع کرسکیں گی۔