اشتہار

سعودی عرب : اقامہ اور خاندانی فیس سے متعلق بڑی خبر آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی افراد کی اقامہ اور خاندانی فیس کی ادائیگی کی مدت میں رد و بدل کیا جائے گا، اس کے علاوہ نئے لیبر قوانین میں ترمیم کے بعد کفیل کا نظام باقی نہیں رہے گا۔

اس حوالے سے سعودی وزارت افرادی قوت اور سماجی فروغ کے سیکریٹری برائے لیبر پالیسیز انجینئر ہانی بن عبدالمحسن المعجل نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کے اقامہ فیسوں اور فیملی فیس پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مکہ مکرمہ میں ایوان تجارت و صنعت کی جانب سے منعقدہ ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کارکنان پر عائد فیسوں کی ادائیگی کے نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ فیسوں کی ادائیگی سالانہ کے بجائے سہ ماہی بنیاد پر کر دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہ ماہی بنیاد پر فیسوں کی ادائیگی سے نجی شعبے کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اقامہ تجدید فیس اور ٹیکس کی ادائیگی آجر کی جانب سے کی جاتی ہے، سعودی عرب میں لیبر اصلاحات کے بعد کفیل کا نظام باقی نہیں رہے گا بلکہ اسے شرائط کے ساتھ آجر اور اجیر کے درمیان ایک سمجھوتے کے تعلق سے تبدیل کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افرادی قوت اور سماجی فروغ کی وزارت نے چار نومبر کو لیبر اصلاحات کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق 14مارچ 2021 سے ہوگا۔ نئے لیبر قوانین میں اگر کارکن دو سال کے مقررہ معاہدے سے قبل آجر تبدیل کرنا چاہتا ہے تو اسے معاہدے میں شامل جرمانے کی شق کے مطابق زر تلافی کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں