پاکپتن: صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن میں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار خاندان کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں ماں اور کمسن بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ باپ اور بیٹی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق افسوسناک حادثہ پاکپتن کے علاقے کمیر چونگی کے قریب پیش آیا جس میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل ڈالا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ میں ماں اور کمسن بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ باپ اور بیٹی شدید زخمی ہوئے، جاں بحق افراد کی شناخت چھ ماہ کے محمد عمار اور 30 سالہ روبینہ کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی افراد میں پانچ سالہ رباب اور 37 سالہ ارشد شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جا ں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے دن کے اوقات میں اندرون شہر بڑے ٹرالرز کے داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے،ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث ٹرالر ڈرائیوز پابندی کی دھجیاں اڑا کر شہر میں دندناتے پھرتے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔