ریاض : سعودی حکام نے 18 برس سے زائد عمر کی خواتین کو بغیر سرپرست نام تبدیل کرانے کی اجازت دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاست سعودی عرب نے شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت خواتین کو بغیر سرپرست اپنا نام تبدیل کرانے کی اجازت دی ہے تاہم محکمہ سول افیئرز کا کہنا ہے کہ یہ سہولت صرف اٹھارہ برس سے زائد عمر کی خواتین کےلیے میسر ہوگی۔
محکمہ سول افیئرز کے مطابق ماضی میں شناختی کارڈ پر نام تبدیل کرانے کا مرحلہ بہت طویل ہوتا تھا جسے اب مختصر کردیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اپنے نام میں سے ’آل‘ یا ’بن‘ کو ہٹانا یا ان کا اضافہ کرانا چاہتا ہے تو اسے خاندان کا اجازت نامہ جمع کرانا ہوگا ۔
ترجمان نے عرب میڈیا کو بتایا کہ دوسری بار نام میں تبدیلی کرانے کے لیے ادارے کی جانب سے مقررہ کارروائی مکمل کرنا ہوگی جس میں تبدیلی کی مستند وجہ بھی پیش کرنا لازمی ہے۔