کراچی : پی آئی اے کی چارٹر پرواز برطانیہ سے صرف ایک مسافر کو لے کر پاکستان پہنچ گئی، جہاز میں 371 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی، حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت آنے کی اجازت دی۔
تفصیلات کے مطابق مانچسٹر برطانیہ سے پاکستان پہنچنے والی انوکھی پرواز میں صرف ایک مسافر کو پاکستان لایا گیا ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری خطرناک لہر کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد ہے۔
پی آئی اے کی خصوصی چارٹر فلائٹ کے ذریعے ایک مسافر کو برطانیہ سے اسلام آباد پہنچایا گیا، سی اے اے کی جانب سے سفری پابندی کی وجہ سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں صرف ایک مسافر کو وطن واپس آنے کی اجازت ملی تھی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے عبدالرزاق اور ان کے اہل خانہ کو کورونا وائرس کی لازمی جانچ کے تحت اجازت دی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی چارٹر پرواز پی کے9702 پرواز کے واحد مسافر عبدالرزاق چوہدری کا تعلق گجرات سے ہے، جہاز میں صرف ا یک مسافر کو اسلام آباد پہنچایا گیا جبکہ اس میں 371 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔
اس سلسلے میں ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مانچسٹر سے پاکستان آنے والا طیارے کا قومی ائرلائن کے فضائی بیڑے سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہائی فلائی کا چارٹر طیارہ فیری فلائٹ کے طور پر پاکستان کے لیے پلان تھا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار مسافر کو حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وطن واپس آنے کی اجازت فراہم کی، طیارے میں سوار مسافر میت کے ہمراہ پاکستان پہنچا ہے، مانچسٹر برطانیہ سے آنے والی واپسی کی پرواز پر 272مسافر روانہ ہوئے۔