سوئٹزرلینڈ کے اسٹار ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر کے لیے سال 2021 کو اہم قرا ر دیا جارہا ہے، فیڈرر رواں سال انجری کے باعث پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن سے دستبردار ہوگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ سے اگست تک ٹینس سیشن متاثر رہا تھا لیکن اگست کے وسط میں ٹینس کی واپسی ہوئی اور پھر یو ایس ایس اوپن، فرنچ اوپن اور اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنل جیسے بڑے ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا، اس سال آسٹریلین اوپن تاخیر سے شروع ہورہا ہے، اس کا انعقاد 8 فروری سے 21 فروری تک ہوگا۔
آسٹریلین اوپن نے دسمبر کے آخر بتایا تھا کہ 6 مرتبہ کے چیمپیئن فیڈرر 2021 کے آسٹریلین اوپن میں حصہ نہیں لیں گے۔
واضح رہے کہ راجر فیڈرر سال 2000 میں آسٹریلین اوپن کے اہم ڈرا میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے ہر برس اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوئے ہیں، گزشتہ سال انہوں نے تیسرے راونڈ میں جیت حاصل کی تھی وہ ان کی اس ٹورنامنٹ میں 100 ویں کامیابی تھی۔
سوئس کھلاڑی فیڈرر گذشتہ سال آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ سے ہار گئے تھے۔
سوئس ماسٹر کا آخری بڑا ٹائٹل 2018 میں آسٹریلین اوپن ہی تھا، اس سال فروری کے آخر میں ان کی کورٹ میں واپسی متوقع ہے، دنیا کے پانچویں نمبر کے کھلاڑی کے لیے 2021 میں یکم مارچ سے روٹرڈیم میں ہونے والا اے ٹی پی 500 ٹورنامنٹ پہلا ٹورنامنٹ ہوسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے 39 سالہ فیڈرر کے لیے 2021 کے نتائج طے کریں گے کہ انہیں ابھی ٹینس کھیلنا جاری رکھنا ہے یا نہیں۔