کراچی: شہر قائد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فوڈ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے فیروز آباد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن سپلائی فوڈ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے یونیفارم، بیگ اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوئی کے مطابق ملزم گھروں کے دروازے بجا کر بہانے سے فوڈ سپلائی کا بتاتا تھا ، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم عبدالرؤف نے اسٹریٹ کرائم کی 21 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ 10 روز قبل آن لائن فوڈ چین میں بھرتی ہوا تھا، پیسوں کی ضرورت تھی اس لیے یہ واردات کی تھی۔
دوران تفتیش ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اسلحہ 2011 میں خریدا تھا، فوڈ ڈیلیوری باکس میں پستول رکھ کر گھومتا تھا، فوڈ باکس میں پستول اور فوڈ چین یونیفارم کی وجہ سے کہیں بھی پولیس نہیں روکتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہے، ملزم کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔