واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے بائیڈن کے جیت کا اعلان روکنے کیلئے کانگریس پر حملے کے بعد ٹرمپ کے نائب مشیر قومی سلامتی نے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں آج نومنتخب صدر جوبائیڈن کی جیت کا باضابطہ اعلان کیا جانا تھا جسے روکنے کےلیے ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس پر حملہ کرکے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پرتشدد مظاہرے شروع کردیئے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پرتشدد مظاہرے شروع کیے جانے اور کیپٹل ہل پر حملے کے بعد ٹرمپ کے نائب مشیر قومی سلامتی مستعفی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ امریکی اسٹیبلشمنٹ نے تمام رابطے منقطع کردیے، مائیک پنس کو 14 روز کیلئے صدر کی ذمہ داریاں سونپنے کیلئے صلاح مشورے کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا نمائندوں کا کہنا ہے کہ نائب صدر اور وزرائے دفاع خارجہ اور ری پبلکن قیادت میں مشاورت جاری ہے۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے صدر ٹرمپ کے ٹویٹ کو متنازع قرار دیتے ہوئے فلیگ لگا دیا، ٹوئٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے الیکشن چوری سے متعلق متنازع بات کہی۔