کراچی: پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فاسٹ بولر عمر گل کو بولنگ کوچ مقرر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چھٹے سیزن کے لیے فاسٹ بولر عمر گل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے بطور بولنگ کوچ خدمات سر انجام دیں گے۔
سابق فاسٹ بولر عبدالرزاق کی مصروفیات کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں بولنگ کوچ کی جگہ خالی ہوئی تھی۔
عمر گل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد وہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ ان کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ سے بات ہوگئی ہے اب کوچنگ کی طرف پیش قدمی کرنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل عبدالرزاق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولنگ کوچ تھے لیکن خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے رکن ہونے کی وجہ سے وہ بطور بولنگ کوچ کام نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ عمر گل نے حال ہی میں لیول ٹو کوچنگ کورس مکمل کیا ہے اور وہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے بھی رکن ہیں۔