لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ننکانہ میں سکھوں کے گوردوارے پر حملہ کیس میں 3 مجرموں کو سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق آج لاہور کی اینٹی ٹیررازم کورٹ میں گوردوارہ حملہ کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان نے ننکانہ میں گوردوارے پر حملہ کیا۔
پراسکیویشن کے مطابق ملزمان نے حملے کے دوران سکھوں کے خلاف تقاریر کیں جس کی وجہ سے پورے پاکستان میں خوف و ہراس اور انتشار پھیلا۔
ملزمان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ لگائے گئے حملے کے الزامات غلط ہیں، انھوں نے ریلی نکالی تھی، کچھ نامناسب الفاظ پر بعد میں معافی بھی مانگی گئی۔
ننکانہ صاحب واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے: وزیر اعظم
عدالت نے کیس کی سماعت مکمل ہونے پر 3 مجرموں کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی، ملزم عمران چشتی کو 2 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی جب کہ محمد سلمان اور محمد احمد کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے ناکافی ثبوتوں اور شہادتوں کے باعث 5 دیگر ملزمان کو بری کر دیا۔