لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنے والوں کی عقل استعفے دے چکی ہے، پی ڈی ایم ملک کے گلی کوچوں میں دربدر رسوائی سمیٹ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہوسِ اقتدار میں اندھی ٹوٹی فروٹی کے رنگوں پر مشتمل ٹوٹی پھوٹی پی ڈی ایم فضل الرحمٰن کی قیادت میں جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ کو آخری سہارا مانتی ہے۔
اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنےوالوں نے استعفے تو نہ دئیے البتہ انکی عقل استعفی دے چکی ہے۔ قومی سلامتی کے اداروں، دوست ممالک اور سی پیک سے متعلق منفی پروپیگنڈا شکست خوردہ PDM کی مسلسل ناکامیوں اور عوام کی جانب سے انکو ملے زخموں کا نتیجہ ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) January 14, 2021
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ملک کے گلی کوچوں میں دربدر رسوائی سمیٹ رہی ہے، دنیا پاکستانی معیشت کی معترف جبکہ فضل الرحمٰن اور اچکزئی افغانستان کے سحر سے نکل نہیں پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں سے استعفے کی باتیں کرنے والوں نے استعفے تو نہ دیے البتہ ان کی عقل استعفے دے چکی ہے۔
معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اداروں، دوست ممالک اور پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منفی پروپیگنڈا شکست خوردہ پی ڈی ایم کی مسلسل ناکامیوں اور عوام کی جانب سے ان کو ملے زخموں کا نتیجہ ہے۔