لاہور: نیب نے خواجہ آصف کی 10بڑی کمپنیوں میں انویسٹمنٹ اور شئیرز کا پتا لگالیا ، جس میں بتایا گیا کہ خواجہ آصف نے 2010 سے 2020 تک سرمایہ کاری کی اور شیئرخریدے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کےخلاف تحقیقاتی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ نیب نےخواجہ آصف کی 10 بڑی کمپنیوں میں انویسٹمنٹ،شئیرزکاپتا لگالیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نیب نے پرائیویٹ بروکرسے خواجہ آصف کے شئیرز کی تفصیلات حاصل کیں، جس کے مطابق خواجہ آصف کےآئی ٹی کی ایک کمپنی میں ایک کروڑ سے زائد کے شئیرز، 3 بینکوں میں ایک کروڑ16لاکھ سے زائد کے شئیرز اور سوئی سدرن گیس پائپ لائنزمیں 77لاکھ سے زائد کے شیئرہیں۔
نیب نے بتایا کہ خواجہ آصف اینگروکارپوریشن اورنیشنل ریفائنری لمیٹڈ میں 9 لاکھ 34 ہزارکے شیئر ، نجی فارماسیوٹیکل کمپنی میں 4 لاکھ 42 ہزاراورنجی کمپنی میں 7 لاکھ سے زائد شیئر کے مالک ہیں، خواجہ آصف نے2010 سے 2020 تک سرمایہ کاری کی اور شیئرخریدے۔
مزید پڑھیں : کشمالہ طارق کو کروڑوں کی ادائیگی، خواجہ آصف مہربان؟
یاد رہے اس سے قبل نیب نے خواجہ آصف کی جانب سے کشمالہ طارق کو ادائیگیوں کے شواہد حاصل کئے تھے ، خواجہ آصف نےکشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں 12کروڑ روپے منتقل کیے، کشمالہ طارق کو ادائیگیاں خواجہ آصف کے فرنٹ مین نے کیں۔
نیب کے مطابق خواجہ آصف کےفرنٹ مین نےجنوری 2015 میں7کروڑ جمع کرائے، جب کہ کشمالہ طارق نے مئی 2015 میں 5 بار ایک ایک کروڑ روپے نکلوائے، کشمالہ طارق کے اکاؤنٹ میں ستمبر2015میں 5کروڑ آن لائن جمع ہوئے جس کے بعد انہوں نے مارچ2016 میں 3کروڑ روپے نکلوائے، کشمالہ طارق نے اگست 2016 میں 4 کروڑ روپےنکلوائے۔