نئی دہلی: بھارت میں شوہر نے نئی نویلی دلہن کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست چیمبور اور گووندی کے درمیان شوہر نے اپنی 26 سالہ بیوی کو چلتی ٹرین سے دھکا دیا جس کے نتیجے میں و ہ ہلاک ہوگئی۔
پولیس کے مطابق 31 سالہ ملزم نے لڑکی سے دو ماہ قبل ہی دوسری شادی کی تھی اور دونوں مزدوری کرتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم اپنی پہلی بیوی اور 7 سالہ بیٹی کے ہمراہ سفر کررہا تھا اس دوران اس کی دوسری بیوی ٹرین کے دروازے پر کھڑی تھی کہ اچانک اس نے بیوی کو ٹرین سے دھکا دیا جس کے سبب وہ ریلوے ٹریک پر جاگری۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جب ٹرین اسٹیشن پر رکی تو اس میں سوار مسافروں نے واقعے سے متعلق آگاہ کیا جس پر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔