پشاور : سی ایس ایس سے منسلک اہم عوامی مسئلہ کو عوامی نمائندوں نے حل کردیا، خیبر پختونخوا میں پبلک سروس کمیشن میں زائد العمر شہریوں کو2 سال کی رعایت دینے سے متعلق قرار داد منظور کرلی گئی۔
حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد میں زائد العمر شہریوں کو عمر میں رعایت کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پیش نظر دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسبملی ڈاکٹر سمیرا شمس نے کہا کہ پہلے ہمارا ارادہ تھا اسے ہم صرف پبلک سروس کمیشن محدود رکھیں لیکن کرونا کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اس کا دائرہ کار تمام شعبہ جات تک بڑھا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اس مقصد کیلئے اپوزیشن اراکین نے بھی ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلیے سب مل کر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ سال سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے پبلک سروس کمیشن کے امتحانات روک دیئے گئے تھے، اب ملازمتوں کے اشتہارات جاری ہونا شروع ہوگئے ہیں۔