لاہور: لاہور شہر کی صفائی کے حوالے سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہریوں نے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد انوکھا احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں صفائی کمپنی کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن گزر گئی، اب بھی شہر میں جا بجا گندگی کے ڈھیر اور کوڑا کرکٹ نظر آ رہا ہے، جوہر ٹاؤن، شادمان، اقبال ٹاؤن، گلبرگ سمیت کئی علاقوں میں اب بھی کوڑے کے کنٹنیرز بھرے پڑے ہیں اور شہری کوڑا کرکٹ سے اٹھتے تعفن کے باعث سخت مشکل سے دوچار ہیں۔
لاہور زیرو ویسٹ کرنے کا آخری روز بھی صفائی مشینری متحرک رہی مگر اس کے باوجود بیشتر علاقوں میں تاحال کوڑا موجود رہا، شہر کے کئی علاقے جن میں سوامی نگر شامل ہے سے 10 روز سے کوئی کوڑا اُٹھانے نہیں آیا، گھوڑے شاہ قبرستان سے ملحقہ سڑکوں پر بھی گندگی کی بھرمار ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے کچرا صاف نہ کرنے پر شہریوں کا ڈھول بجا کر انوکھا احتجاج کیا اور صوبائی حکومت صفائی سے شہر میں مکمل طور پر صفائی کا مطالبہ کیا، احتجاج کے دوران ایک شہری کچرے میں جا کھڑا ہوا اور کچرے میں کھڑا ہوکر ڈانس بھی کیا۔