لاہور : شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر لیگی کارکنان نے احتساب عدالت کے باہر شدید ہنگامہ آرائی کی، جس کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی اور واٹرکینن بھی منگوالیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہبازشریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جاری ہے ، اس موقع پر مریم نواز شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملنے عدالت پہنچیں تو لیگی کارکنان نے احتساب عدالت کے باہر شدید ہنگامہ آرائی کی ، لیگی خواتین نے پولیس کودھکے دیئے اور آگے جانے کی کوشش کی۔
جس کے بعد پولیس اور لیگی کارکنان میں شدید دھکم پیل شروع ہوگئی اور پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی ، ن لیگی رہنما خواجہ عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے بھی پولیس سےدھکم پیل کی۔
مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کےکارکن بھی احتساب عدالت پہنچ گئے، عدالت کے باہر واٹرکینن منگوا لیا گیا جبکہ خواتین پولیس اہلکار بھی طلب کر لی گئیں ہیں۔
دوسری جانب مریم نواز نے شہبازشریف اورحمزہ شہبازسےملاقات کی ، دونوں نےکمرہ عدالت میں کرسیوں سےاٹھ کرمریم نوازکااستقبال کیا ، مریم نواز نے شہباز شریف سے طبیعت دریافت کی اور مختلف امور پر گفتگو کی۔