گھوٹکی: صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پراسرار دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں اس وقت ہوا، جب نامعلوم افراد نے کچرے میں آگ لگائی تو اچانک دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملنے پر بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور دھماکے میں زخمی رینجرز اہلکار سمیت تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا۔
واقعے کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیاجارہاہے اور بی ڈی ایس ٹیم طلب کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کچرے میں آگ سے ناکارہ آئل فلٹر پھٹا جس سے دھماکا ہوا۔
واضح رہے گذشتہ سال اگست میں شکار پور اور جیکب آباد میں رینجرز کے ہیڈکوارٹرز کو بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔