اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کے احتجاج کے حوالے سے امن وامان سے متعلق اجلاس طلب کرلیا، جس میں ضروری حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی جانب سے 19جنوری کوالیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے حوالے سے وزیرداخلہ شیخ رشید نے پیر کو امن وامان سے متعلق اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں کمشنراسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت قانون نافذکرنیوالےاداروں کے نمائندے شرکت کریں گے جبکہ پنجاب اور کے پی آئی جی پولیس بھی ویڈیولنک کے زریعے شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ، امن وامان سے متعلق اجلاس میں ضروری حفاظتی اقدامات کاجائزہ لیا جائے گا اور احتجاج کے موقع پر امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کےداخلی راستوں کی سیکیورٹی کاجائزہ لیاجائےگا اور ریڈزون کی سیکیورٹی میں اضافے کے حوالے سے حکمت عملی طے ہوگی۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، احتجاج میں پیپلز پارٹی کا وفد شرکت کرے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے ریلی اور احتجاج کا فیصلہ آئندہ الیکشنز میں ووٹ کو عزت دینے کے لیے کیا گیا ہے، موجودہ وزیر اعظم کے خلاف فارن فنڈنگ کیس ہے، جس پر پُر امن احتجاج میں تمام کارکنان اور ٹکٹ ہولڈرز سب شریک ہوں گے۔