راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ راوت کی حدود میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے گھر میں گیس لیکیج کے سبب خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں میاں، بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیزسیون میں پیش آیا، جاں بحق افراد میں والد عمر احسان، والدہ انعم احسان اور ان کا بچہ شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال راولپنڈی منتقل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: مانسہرہ، گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے 6 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں گھر میں گیس لیکیج کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاندان نے سردی کے باعث رات کو گیس ہیٹر جلایا تھا تاہم گیس لوڈشیڈنگ کے بعد رات گئے گیس بحال ہوئی تو سوئے ہوئے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔