برسبین: بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان آسٹریلیا کو برسبین ٹیسٹ میں شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برسبین ٹیسٹ کے آخری روز بھارت نے کینگروز کی جانب سے 328 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر آخری لمحات میں حاصل کیا، بھارت کی جانب باز شبھمن گل نے91 رنز کی شاندار اننگ کھیلی مگر رشبھ پنت 89 رنز ناٹ آؤٹ نے اس ٹیسٹ میں انڈیا کو فتح دلائی، اس کے علاوہ چیتیشور پجارا نے 56 رنز بنائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 369 رنز بنائے تھے جبکہ بھارتی ٹیم 336 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 33 رنز کی برتری حاصل ہوئی اور دوسری اننگ میں وہ 294 رنز ہی بنا سکی اور بھارت کو 328 رنز کا ہدف دیا۔
برسبین ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے چار میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز دو ایک سے اپنی نام کرلی، بھارت نے برسبین ٹیسٹ میں پہلی بار کینگروز کے خلاف فتح حاصل کی ہے جبکہ 33 سال بعد آسٹریلیا کو برسبین میں شکست ہوئی ہے۔
برسبین ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی پر رشبھ پنت کو مین آف دی میچ جبکہ آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پینٹ کمنٹس کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔