کراچی: جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے قومی ٹیم لاہور سے کراچی پہنچ گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور سےکراچی پہنچی، قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ان کے اہلخانہ بھی موجود تھے، اس کے علاوہ خصوصی پرواز میں سپورٹنگ اسٹاف،کوچز، ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
دوسری جانب کراچی جیم خانہ میں مہمان جنوبی افریقہ نے آج بائیو سیکیور ببل میں بھرپور ٹریننگ کی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 4 فروری کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے لیے امپائرز اور آفیشلز کا اعلان
جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے،محمد رضوان ، عابدعلی، عمران بٹ، اظہرعلی، فواد عالم کو ٹیسٹ اسکواڈمیں شامل کیا گیا ہے، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ یاسرشاہ، عبداللہ شفیق، آغاسلمان ، سعود شکیل ،حسن علی ،کامران غلام، ساجد خان، حارث رؤف ، محمدنواز،نعمان علی، فہیم اشرف ، شاہین آفریدی اور تابش خان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔