واشنگٹن : امریکا کے نامزد سیکریٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن کا کہنا ہے کہ میں پاکستان اورامریکا کےدرمیان مشترکہ مفادات پر توجہ دوں گا اور پاکستان کی فوج سے تعلقات استوار رکھنے سے باہمی کلیدی امور پرتعاون کی راہیں کھلیں گی۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے نامزد سیکریٹری دفاع جنرل لائیڈ جے آسٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں امن عمل کے لیے پاکستان انتہائی ضروری ساتھی ہے، میں پاکستان اورامریکا کے درمیان مشترکہ مفادات پر توجہ دوں گا۔
لائیڈ جے آسٹن کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات میں پاکستان کے مستقبل کے فوجی رہنماؤں کی تربیت شامل ہے، تربیت عالمی فوجی تعلیم و تربیت فنڈز کا استعمال کرتے ہوئے دی جائے گی۔
امریکا کے نامزد سیکریٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں ہونے والے کسی بھی تصفیے میں اہم کردار ادا کرے گا، القاعدہ اور داعش کو شکست اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی اقدامات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پاکستان نےافغان امن عمل کی حمایت میں امریکی درخواست پر تعمیری اور بھارت مخالف گروپوں جسے لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف اقدامات کیے۔
امریکی جنرل نے اعتراف کیا کہ ‘ممکن ہے سیکیورٹی امداد کی معطلی کے علاوہ بھی پہلو پاکستان کے تعاون پراثراندازہوئے ہوں، دیگر پہلوؤں میں افغان مذاکرات اورپلوامہ حملے کے بعد پیدا کشیدگی شامل ہے’۔
لائیڈ جے آسٹن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے، پاکستان کی فوج سے تعلقات استوار رکھنے سے باہمی کلیدی امور پرتعاون کی راہیں کھلیں گی۔