لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا اور وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست پر نیب سےجواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے نصرت شہباز کی درخواست پر سماعت کی ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نصرت شہباز اپنی بیماری کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہے اور اسی وجہ سے احتساب عدالت میں پیشی سے استنثی کی درخواست دی، احتساب عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ تفتیش اور ریفرنس کے دائر ہونے سے پہلے نصرت شہباز بیرون ملک ہیں اور بیماری کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں ، ہائی کورٹ سے استدعا کی گٸی کہ نصرت شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور عدالت حاضری سے استنثی دیا جائے۔
عدالت نے وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوٸے احتساب عدالت کو شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا اور درخواست پر مزید کارروائی 8 فروری تک ملتوی کردی۔