ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

پاکستان کپ، دانش عزیز نے سندھ کو کامیابی دلوادی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان کپ میں سندھ نے دانش عزیز کی شاندار سنچری کی بدولت خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے دانش عزیز اور حسان کی شاندار کارکردگی کی بدولت خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔

سندھ نے 276 رنز کا مطلوبہ ہدف 10 گیندیں قبل حاصل کرلیا، دانش عزیز نے 102 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

حسان خان 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 148 رنز کی شراکت قائم کی، جس نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سے قبل سعد علی ایک رنز کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے، وہ 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔


خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی نے 3 جبکہ ارشد اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سندھ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے پی نے 49.2 اوورز میں 275 رنز بنائے۔ دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے محمد وسیم جونیئر 54 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

افتخار احمد نے 39 اور فخر زمان نے 33 رنز بنائے، سند ھ کے کپتان انور علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، حسان خان نے میچ میں 2 رن آؤٹ اور کیچ پکڑنے کے ساتھ ساتھ ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے پر دانش عزیز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ ساتویں راؤنڈ کے اختتام پر سندھ کی ٹیم دس پوائنٹس کے ساتھ پہلے، خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد آٹھ، آٹھ ہے، سدرن پنجاب اور ناردرن چھ، چھ جبکہ بلوچستان کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں