کراچی: کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ کو ایک سال کی مدت کے لیے نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور اس سے کمائے جانے والے غیر قانونی پیسے کے سلسلے میں تحقیقاتی کمیٹی نے 162 مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کی نشان دہی کی تھی جس کے بعد کے ایم سی نے بڑا فیصلہ کر لیا۔
کے ایم سی نے چارجڈ پارکنگ کو ایک سال کی مدت کے لیے نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں کے ایم سی کی 70 چارجڈ پارکنگ ہوں گی، جن کی نیلامی 8 فروری کو کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پارکنگ مقامات کی نیلامی ایک سال کی مدت کے لیے ہوگی، اور نیلام کیے گئے مقامات میں کے ایم سی کی جانب سے مقرر کی گئی پارکنگ فیس لی جائے گی۔
گاڑی، رکشہ اور ہائی روف کے لیے 30 روپے پارکنگ فیس ہوگی، موٹر سائیکل پارکنگ کے لیے 10 روپے لیے جائیں گے، ہائیس اور کوچز سے 70 روپے جب کہ بسوں اور ٹرکوں سے 150 روپے پارکنگ فیس لی جائے گی۔
حیدری مارکیٹ موٹر سائیکل اتواز بازار میں داخلے کے لیے 30 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر نیلامی 8 فروری کو کسی وجہ سے نہ ہو سکی تو پھر 9 یا 10 فروری کو ہوگی، کے ایم سی کی چارجڈ پارکنگ کو نیلام کرنے کا فیصلہ بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ مختص کیے گئے مقامات کے علاوہ کہیں پارکنگ ہوئی تو وہ غیر قانونی ہوگی، اگر پارکنگ لگائی گئی تو ہٹا دی جائے گی، اگر مقررہ فیس سے زیادہ فیس لی گئی تو اس کنٹریکٹر کا کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔