لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا، پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے،عوام کی محرومیاں دورکرکے دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے چیچہ وطنی میں مختلف وفود کی ملاقاتیں ہوئیں ، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سبزی منڈی چیچہ وطنی کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کےمطابق ہوگا، وکلامیں سےہوں اور اپنی برادری کے مسائل خوب سمجھتا ہوں، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پرصحافی کالونی کے قیام پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کےعہدیدار اور کارکن عوام کی خدمت میں حکومت کاساتھ نبھائیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے، چیچہ وطنی اور ہڑپہ جیسے شہروں کوماضی میں نظر اندازکیا گیا، ہماری حکومت محروم شہروں میں ترقی لے کر آئے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ پسماندہ شہروں کی قسمت بدلنے کا وقت آگیا ہے ، پنجاب کےہر شہر میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل سنوں گا، عوام اور کارکنوں کی محبت میرا اثاثہ ہے، فراموش نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چیچہ وطنی میں یونی ورسٹی کیمپس کےقیام کی تجویز کاجائزہ لیں گے،چیچہ وطنی سمیت تمام دور دراز علاقوں والوں کیلئے میرے دروازے کھلے ہیں، شفافیت ہمارا طرہ امتیاز ہے، ڈھائی سال میں کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، عوام کی محرومیاں دورکرکے دم لیں گے۔