نئی دہلی: آسٹریلیا کی سرزمین پر بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے بھارت پہنچتے ہی والد کی قبر پر حاضری اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دے کر بھارتی ٹیم آج وطن واپس پہنچی، فاسٹ بولر محمد سراج حیدرآباد پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، بعدازاں انہوں نے والد کی قبر پر حاضری دی اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔
واضح رہے کہ محمد سراج دورہ آسٹریلیا پر موجود تھے جب ان کے والد کا انتقال ہو وہ مشکل حالات کے دوران وطن واپس نہیں آسکے تھے۔
سراج نے آسٹریلیا میں رہ کر ہی اپنے والد کے خواب کو پورا کرنے کا تہیہ کیا اور جیسے ہی انہیں موقع ملا انہوں نے اپنی شاندار بولنگ سے پانچ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فاسٹ بولر نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد انہوں نے والد کو یاد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا خواب پورا ہوگیا۔
یاد رہے کہ محمد سراج نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ 13وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے اپنے کیریر کا پہلا ٹیسٹ میلبرن میں کھیلتے ہوئے میچ میں پانچ وکٹیں لی تھیں، محمد سراج نے برسبین میں آسڑیلیا کی دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو بھاری سبقت سے روکا اور بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔