کراچی : اے آر وائی ڈیجیٹل کی نئی ڈرامہ سیریل "پہلی سی محبت” کل بروز ہفتہ سے نشر کی جائےگی، ڈرامے کے مرکزی کردار اداکارہ مایا علی اور شہریار منور ہیں، ڈرامے کی پہلی قسط ہفتے کی رات8بجے پیش کی جائے گی۔
ڈرامہ سیریل "پہلی سی محبت” کی مصنفہ فائزہ افتخار ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض انجم شہزاد نے انجام دئیے، دیگر اداکاروں میں شبیر جان، حسن شہریار یاسین، نوشین شاہ و دیگر شامل ہیں۔
ڈرامہ سیریل کی کاسٹ کو اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارنننگ پاکستان میں مدعو کیا گیا، جس میں انہوں نے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات اور اس کی کہانی سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نوشین شاہ نے بتایا کہ اس ڈرامے کی کاسٹ بہت بہترین ہے، اس کے علاوہ مجموعی طور پر اس کی رائٹر پروڈیوسر اورپوری ٹیم ایک مکمل اور عمدہ کام کرنے والے لوگوں پر مشتمل ہے۔
اداکارہ مایا علی نے کہا کہ اس ڈرامے میں ہم سب نے بہت محنت کی ہے اور امید ہے کہ ہماری محنت رنگ لائے گی اور یہ ڈرامہ آپ کے دلوں کو چھولے گا، ڈرامہ "پہلی سی محبت” میں معاشرتی و خاندانی روایات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
ادا کار حسن شہریار یاسین کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کی کہانی اتنی زبردست ہے کہ ہر کردار میں آپ کو اپنا ایک کریکٹر ملے گا کیونکہ یہ ایک فیملی ڈرامہ ہے،اسلم اکرم اور رخشی جیسے کردار ہر گھر میں ہوتے ہیں۔
اداکار شہر یار منور کا کہنا تھا کہ جو کام نیک نیتی اور خلوص دل سے کیا جائے اسے کامیابی ضرور ملتی ہے، ہم سب نے بھی بہت محنت کی ہے اور سیٹ پر ایک فیملی ممبرز کی حیثیت سے کام کیا، ناظرین سے کہوں گا کہ کل رات آٹھ بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر یہ ڈرامہ ضرور دیکھیں۔