کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ عمران فرحت کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر قائم ہیں اور پی سی بی کو پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کیلئے اب دستیاب نہیں ہوں گا، میں نے عمر گل کیساتھ ہی اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، ان دنوں ڈومیسٹک کیریئر کا آخری سیزن کھیل رہا ہوں، اس کے بعد صرف نمائشی اور دوستانہ میچز کے لیے دستیاب ہوں گا‘۔
عمران فرحت کا کہنا تھا کہ ’ریٹائرمنٹ کے بعد لیول ٹو کوچنگ کورس مکمل کرلوں گا، فی الحال کسی دوسرے ملک شفٹ ہونے کا ارادہ نہیں ہے، پاکستان سے کرکٹ شروع کی اور کوچنگ بھی یہیں کروں گا‘۔
واضح رہے کہ عمران فرحت 26 جنوری کو خیبرپختونخواہ کے خلاف اپنے ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس کیریئر کا آخری میچ کھیلیں گے جس کے بعد اُن کا طویل ترین سفر اختتام کو پہنچ جائے گا۔ عمران فرحت پاکستان کپ میں بلوچستان ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
عمران فرحت کے کیریئر پر ایک نظر
انہوں نے انٹریشنل کرکٹ میں 40 میچز کھیلے جن میں 2ہزار400 رنز اسکور کیے، جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں بطور اوپنر عمران فرحت نے 58 میچز کھیلے جن میں 1719 رنز بنائے، اسی طرح ٹی ٹوینٹی میچز میں وہ صرف 76 رنز اسکور کر پائے۔
فرسٹ کلاس کیریئر
عمران فرحت نے 230 فرسٹ کلاس میچز کھیلے، اس دوران انہوں نے 15 ہزار 790 رنز اسکور کیے، 220 لسٹ اے کے میچز میں انہوں نے 7 ہزار 401 رنز بنائے جبکہ ڈومیسٹک ٹی ٹوینٹی میں وہ 1636 رنز بنا سکے ہیں۔