ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

بلاول کا وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کے افتتاح کے موقع پر بلاول بھٹو نے کہا ہم جمہوری طریقے سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لے کر آئیں گے، ہم جانتے ہیں کہ غیر جمہوری طاقتوں کو سیاست سے کیسے نکالنا ہے۔

بلاول کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم کے اتحادیوں کو بھی منائیں گے، ہمیں وار کرنا ہے تو اسمبلیوں میں کرنا ہے، حملہ کرنا ہے تو آئینی اور جمہوری طریقے سے کرنا ہے، یہ طریقہ یہی ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک لائیں۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ ہم اتحادیوں کو بھی تحریک عدم اعتماد پر قائل کریں گے، پھر ہماری چائے کی دعوتوں پر بھی ان کے پسینے نکلیں گے، اور اس کا جو اثر ہوگا وہ دس دس جلسوں کا بھی نہیں ہوگا۔

لاڑکانہ میں خطاب میں بلاول نے کہا وفاقی حکومت نے مشکل معاشی صورت حال میں عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، سندھ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ عوام کی بہتری کے لیے کچھ کر سکیں۔

قبل ازیں بلاول بھٹو نے ایئر پورٹ روڈ پر انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیر اعلی ٰسندھ، نثار کھوڑو، جام اکرام اللہ دھاریجو بھی موجود تھے۔ یہ انڈسٹریل زون لاڑکانہ سے 14 کلو میٹر دور ایئر پورٹ روڈ پر قائم کیاگیا ہے، اس پہلے صنعتی زون میں 94 صنعتیں 20 ہزار سے زائد افراد کو روزگار دیں گی۔

اپنے خطاب میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وفاق کی عوام دشمن پالیسیوں کے سامنے پیپلز پارٹی رکاوٹ ہے، اس حکومت کے خلاف ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نکلے ہیں، اس حکومت کو آئینی اور جمہوری طریقے سےگھر بھیجیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں