قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے مینیجر کی انگریزی کا مذاق بنانے والی ریسٹورنٹ مالکن کو چلینج دے دیا۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی اسٹوری میں شنیرا اکرم نے لکھا کہ ’جیسے آپ بور ہوگئیں ہیں ویسے ہی میں بھی آپ دونوں خواتین سے بہت بور ہوگئیں ہوں‘۔
انہوں نے لکھا کہ ’چلیں میں آپ کو انگریزی بولنے کا چلینج دیتی ہوں، آئیں اور میرے ساتھ مقابلہ کریں‘۔
مزید پڑھیں: نجی ریسٹورنٹ ویڈیو واقعہ: ہوٹل مینجر منظر عام پر آگیا
واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نجی ریسٹورنٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں مالکن اپنے ہاں کام کرنے والے مینیجر کو انگریزی نہ آنے پر تضحیک کا نشانہ بنا رہی تھیں۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد صارفین نے مالکن کے خلاف شدید احتجاج کیا اور انہوں نے ریسٹورنٹ کے بائیکاٹ کے لیے بھی مہم چلائی۔
عوام کا سخت ردعمل دیکھنے کے بعد خواتین مالکان نے وضاحت کی کہ ہم تو وقت گزارنے کے لیے مینیجر صاحب سے ہلکی پھلکی گپ شپ کررہے تھے۔