کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز سے قبل کراچی میں پریکٹس سیشن میں مصروف ہیں، پریکٹس سیشن کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیموں کے درمیان کیچ پکڑنے کا مقابلہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، ٹریننگ کے لیے کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کی سربراہی سرفراز اور دوسرے کی بابر اعظم نے کی۔
کھلاڑیوں کے دونوں گروپس کے درمیان کیچ پکڑنے کا دلچسپ مقابلہ ہوا، دونوں گروپس ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔
قبل ازیں دونوں ٹیموں کو آج صبح سخت حفاظتی حصار میں نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: یاسر شاہ پروٹیز کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آج پہلی بار نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، اسٹیڈیم میں پچ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اسٹیڈیم بھی منگل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی دو ایسے کرکٹرز ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔