اسلام آباد : اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم اجلاس آج ہوگا، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ان ہاؤس تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد کے امور پر بھی بات ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم اجلاس آج ہوگا ، جس میں وزیر اعظم اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پرمشاورت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کی سطح پرحکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطے جاری ہے ، پرویز خٹک کے اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ رابطے ہیں تاہم پارلیمانی کارروائی پر حکومت اور اپوزیشن میں اختلاف برقرار ہے۔
اجلاس میں ارکان سے سینیٹ الیکشن پر بھی رائے لی جائے گی، پی ڈی ایم تحریک پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا، پی ڈی ایم لانگ مارچ اور پارلیمنٹ سے استعفوں پر بھی رائے لی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے اپنے مطالبات پر تحریری ضمانت طلب کرلی اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے برابر وقت طلب کر لیا جبکہ قومی اسمبلی کو ایڈوائزری کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے شہباز شریف ، خورشیدشاہ ،خواجہ آصف کے پروڈکشن آرڈر کا مطالبہ نہیں کیا جبکہ اپوزیشن نے مؤقف اختیار کیا معاہدے پر عمل نہ ہونے پراجلاس کا بائیکاٹ کریں گے، واک آؤٹ کر کے اجلاس نہ چلانےکی کوشش کی جائے گی۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کےاجلاس میں کورم کی نشاندہی کرائی جائے گی ، اپوزیشن اپنےمطالبات پرویز خٹک کو پیش کرے گی اور ان ہاؤس تبدیلی پر بھی مشاورت کی جائے گی۔