واشنگٹن: کرونا ویکسین بنانے والی کمپنی موڈرنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی کرونا ویکسین برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا نے کہا ہے کہ ہماری ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی کرونا کی نئی قسم کے خلاف بھی مؤثر ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق موڈرنا دوا ساز کمپنی نے کہا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹس سے ثابت ہوا کہ موڈرنا کی تیار کردہ کرونا ویکسین نئی قسم کے وائرس کے خلاف بھی مؤثر ہوگی۔
اس دعوے کے ساتھ ساتھ کمپنی نے کرونا وائرس کے نئے اسٹرین پر تجربات بھی شروع کر دیے ہیں، کمپنی کے سربراہ اسٹیفن بانسل نے کہا کہ ان تجربات کی بنیاد پر سامنے آنے والے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ موڈرنا کی ویکسین نئے قسم کے وائرس کا بھی مقابلہ کر سکتی ہے۔
اس ریسرچ کے سلسلے میں موڈرنا نے mRNA-1273 نامی موجودہ ویکسین کے اثرات کے مطالعے کے لیے ان 8 افراد کے خون کے نمونے لیے جن کو ویکسین کی دو خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
ریسرچ میں دیکھا گیا کہ برطانیہ میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم نے ان اینٹی باڈیز کو غیر مؤثر نہیں کیا جو ویکسین لگانے سے جسم میں پیدا ہوئے تھے، اور جو کرونا وائرس کو انساانی خلیوں میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔
لیکن جنوبی افریقا میں سامنے آنے والی وائرس کی نئی قسم سے ظاہر ہوا ہے کہ یہ اینٹی باڈیز کے اثرات کو 6 گنا غیر مؤثر کر دیتی ہے۔ بتایا گیا کہ قومی صحت کے اداروں کے اشتراک سے کی گئی اس تحقیق کے نتائج تک تمام سائنسی کمیونٹی کو رسائی حاصل ہے تاکہ وہ اس کا جائزہ لے سکیں۔