جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کراچی ٹیسٹ، قومی ٹیم کے 33 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی، 33 رنز پر قومی ٹیم کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، پاکستان کو جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 187 رنز درکار ہیں، اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم 220 رنز پر آل آؤٹ ہوئی تھی۔

اوپنر عمران بٹ 9 رنز بنا کر فاسٹ بولر ربادا کا شکار بنے جبکہ عابد علی کو بھی 4 رنز پر ربادا نے بولڈ کیا۔

- Advertisement -

کپتان بابر اعظم 7 رنز بنا کر مہارا راج کو وکٹ دے بیٹھے، نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

اظہر علی اور فواد عالم 5، 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ بولر کاگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج اور اینرک نورٹ جی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت مہمان ٹیم کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 220 رنز بناکر ہمت ہار گئی۔

مہمان ٹیم کے کپتان کوئٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکا، مہمان ٹیم کے کھلاڑی زیادہ دیر تک قومی ٹیم کے بولرز کے سامنے ٹھہر نہ سکے اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ڈین ایلگر سب سے زیادہ رنز بناکر نمایاں رہے، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، جارج لنڈے 35 فاف ڈوپلیسی 23،ربادا 21، ایڈن میکرم 13، ریسی وینڈرڈوسن 17، کپتان کوئنٹن ڈی کوک 15، تمبا باؤما 17، کیوش مہاراج صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر جوڑی نے جنوبی افریقہ کی پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، یاسر شاہ نے 3 جبکہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں چودہ سال بعد کھیلنے والی مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ تاریخی ٹیسٹ میچ میں ہمارا بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنےکا پلان تھا، جنوبی افریقہ سخت حریف ہے،پلان کےمطابق کھیلیں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ بڑی ٹیم پاکستان آئی ہے، بہت پرجوش ہیں، اچھا کھیل پیش کرینگے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی سائیڈ کو آسان نہیں لینا چاہیے، میڈیا سے گفتگو میں کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج اسپنر نعمان علی اور عمران بٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دینے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں بیٹنگ کوچ یونس خان نے اوپنر عمران بٹ کو گرین کیپ دے رے ہیں جبکہ اسپنر نعمان علی کو یاسر شاہ نے ٹیسٹ کیپ دی۔

یاد رہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں کراچی میں آخری بار 2007 میں مدمقابل آئی تھیں جس میں مہمان ٹیم 160 رنز سے سرخرو ہوئی تھی جب کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ لاہور میں ہوا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

Comments

اہم ترین

مزید خبریں