منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

بھارت: کسانوں کی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹیں توڑ کر نئی دہلی میں داخل

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت میں کئی ماہ سے احتجاج کرنے والے کسان دارالحکومت نئی دہلی میں داخل ہوگئے، یوم جمہوریہ کے موقع پر ہونے والی ٹریکٹر ریلی تمام رکاوٹیں توڑ کر دارالحکومت میں داخل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کی سرحد پر کئی ماہ سے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان دارالحکومت میں داخل ہوگئے، کسانوں نے آج یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی کی سرحدوں سے ٹریکٹر ریلی کی شروعات کی۔

پولیس نے کسانوں کو دہلی میں داخل ہونے سے روکنے کی بہت کوششیں کیں لیکن کسان تمام رکاوٹوں کو توڑ کر دارالحکومت میں داخل ہوگئے۔

- Advertisement -

کسانوں کو اکشر دھام تک آنے کی اجازت تھی اور انہیں وہاں سے آنند وہار کی طرف لوٹ جانا تھا لیکن وہ دہلی کے اندر داخل ہوگئے۔ پریڈ کا جو روٹ طے ہوا تھا اسے انہوں نے عبور کر لیا اور دہلی پولیس کا حکم نظر انداز کردیا۔

دارالحکومت میں داخلے کے موقع پر غازی پور بارڈر پر پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے بھی داغے تاہم پولیس کسانوں کی ہمت توڑنے میں ناکام رہی۔

دارالحکومت میں داخلے کے وقت کسان نہایت پرجوش تھے اور زوردار نعرے لگا رہے تھے، دہلی میں کئی مقامات پر ٹریکٹر پریڈ کا پھولوں سے استقبال بھی کیا گیا۔

یاد رہے کہ کسانوں کا یہ احتجاج مودی حکومت کے نئے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ برس سے جاری ہے اور حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کی ہر کوشش ناکام ہوچکی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں